
اٹلی کے سٹڈی ویزے کیلئے کتنا بینک سٹیٹمنٹ ہونا چاہیے؟
May 3, 2026اٹلی نے غیر ملکی طلبہ کے لیے اسٹڈی ویزا (Study Visa)کے قواعد میں اہم تبدیلی کرتے ہوئے مالی تقاضوں میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے، جس کے بعد بیرونِ ملک تعلیم کے خواہشمند طلبہ کے لیے نئے چیلنجز سامنے آ گئے ہیں۔
اطالوی وزارتِ یونیورسٹی و ریسرچ کی جانب سے تعلیمی سال 2026-27 اور 2027-28 کے لیے جاری کردہ نئی گائیڈ لائنز کے مطابق اسٹڈی ویزا (ٹائپ ڈی) حاصل کرنے کے لیے اب طالب علم کو سالانہ 10,179.85 یورو کے مالی وسائل ظاہر کرنا ہوں گے۔ پاکستانی کرنسی میں یہ رقم موجودہ شرح مبادلہ کے حساب سے تقریباً 32 لاکھ روپے سے زائد بنتی ہے۔
نئے ضوابط کے تحت یہ حد پہلے کے مقابلے میں خاصی زیادہ ہے، کیونکہ اس سے قبل طلبہ کو تقریباً 6,000 یورو کے قریب مالی ثبوت فراہم کرنا ہوتا تھا۔ اس طرح مالی تقاضے میں لگ بھگ 4,000 یورو کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ ویزا کے لیے پیش کیے جانے والے تمام فنڈز قانونی ذرائع سے حاصل شدہ اور مکمل طور پر قابلِ تصدیق (ٹریس ایبل) ہونے چاہئیں۔ سفارت خانہ درخواست گزار کی مالی حیثیت، آمدنی کے ذرائع اور بینک اکاؤنٹ کی ٹرانزیکشن ہسٹری کا تفصیلی جائزہ لے گا۔
مزید کہا گیا ہے کہ ترجیح دی جائے گی کہ مطلوبہ رقم طالب علم کے ذاتی اکاؤنٹ میں موجود ہو، تاہم قریبی رشتہ دار (چوتھے درجے تک) اسپانسر کے طور پر مالی معاونت فراہم کر سکتے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی حکام نے خبردار کیا ہے کہ صرف ویزا کے حصول کے لیے عارضی طور پر جمع کروائی گئی رقم قابل قبول نہیں ہوگی۔
سرکلر میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ محض اسکالرشپ کے لیے درخواست دینا یا اس کے اہل ہونا کافی نہیں ہوگا۔ جب تک اسکالرشپ کی باقاعدہ منظوری نہ مل جائے، طالب علم کو مکمل مالی ثبوت فراہم کرنا لازم ہوگا۔
اطالوی حکام کے مطابق یونیورسٹی میں داخلہ یا پری انرولمنٹ ملنا ویزا کی ضمانت نہیں ہے۔ ویزا کے اجراء کا حتمی فیصلہ سفارت خانہ کرے گا، جو امیدوار کے تعلیمی پس منظر، مالی حالات اور اٹلی جانے کے مقصد کو مدنظر رکھ کر کیا جائے گا۔
اٹلی میں تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند طلبہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ نئے مالی تقاضوں کے مطابق اپنی دستاویزات تیار کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کے فنڈز شفاف، مستند اور خاندانی آمدنی کے مطابق ہوں۔